پاکستان میں محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں ملک کے جنوبی حصوں یعنی سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔
خیال ہے کہ ان تازہ بارشوں سے ان علاقے کے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔
ادھر پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی آ رہی ہے۔
پاکستان کے جنوبی ساحلی علاقے ابھی گزشتہ دنوں کے طوفان اور بارشوں سے نمٹنے کی کوشش ہی کر رہے ہیں کہ ملک کے محمکہ موسمیات نے مزید بارشوں کی تازہ پیشگوئی کی ہے۔
بارشوں کے اس نئے سلسلے کی وجہ بھارت کے مرکزی حصے میں بننے والا کم ہوا کا دباؤ بتایا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ دباؤ جنوبی سندھ کی جانب رخ کرسکتا ہے۔
محمکۂ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ کے وسیع علاقے میں معمول کی مون سون بارشیں آئندہ چار روز میں تیز ہواؤں کے ساتھ متوقع ہیں اور یہ بارشیں کراچی سمیت مختلف علاقوں میں پیر کی صبح سے منگل کی رات تک جاری رہ سکتی ہیں۔
صوبہ بلوچستان کے بارے میں محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر بارشیں متوقع ہیں تاہم جنوبی بلوچستان میں چار سے چھ جولائی کے درمیان تیز بارشیں ہوسکتی ہیں۔ ان بارشوں سے ایک مرتبہ پھر بلوچستان کے ساحلی علاقے متاثر ہوسکتے ہیں اور شہری اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا امکان ہے جبکہ سب سے زیادہ خطرہ پہلی بارشوں سے کمزور ہونے والے کچے مکانات کو ہے۔
